ایران اور الجزائر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو، غزہ کی صورتحال پر مشاورت

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے الجزائر کے ہم منصب احمد عطاف سے ٹیلفون پر گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی مزاحمت اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت میں الجزائر کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کے منصوبے کو فلسطین کے خاتمے کی نوآبادیاتی سازش قرار دیا اور اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اسلامی ممالک سے اس خطرناک سازش کے خلاف مشترکہ اور مضبوط موقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں اسلامی ممالک کے حکام، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سربراہ سے مشاورت کی ہے تاکہ غزہ کے خلاف امریکہ اور صہیونی حکومت کی سازش کے خلاف عالمی برادری کو متحرک کیا جا سکے۔

عراقچی نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی اور الجزائر سے اس تجویز کی حمایت کی درخواست کی۔

الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطاف نے گفتگو کے دوران فلسطینی عوام کو ان کے آبائی علاقوں سے بےدخل کرنے کے منصوبے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے الجزائر کے مضبوط مؤقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد کرنے کی ایرانی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کا اعلان کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *