مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کی قیادت کونسل کے سربراہ اور اراکین نے آج صبح رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
ملاقات کے آغاز میں حماس کی قیادت کونسل کے سربراہ محمد اسماعیل درویش نے غزہ میں مزاحمت کی عظیم فتح پر مبارکباد پیش کی اور رہبر انقلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں مزاحمت کی فتح اور انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ایک ساتھ آمد کو نیک شگون سمجھتے ہیں اور امید ہے کہ یہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کا باعث بنے گا۔
ملاقات میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ جناب خلیل لحیہ نے رہبر انقلاب اسلامی کو غزہ مزاحمت کی فتح پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج ہم ایک ایسے موقع پر آپ سے ملاقات کر رہے ہیں کہ ہم سب سربلند اور فتح سے سرشار ہیں اور یہ عظیم فتح ہماری اور اسلامی جمہوریہ کی مشترکہ جیت ہے۔