![متحدہ عرب امارات کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان 300 قیدیوں کا تبادلہ](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2025/02/ABU-DABHI.gif)
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بدھ کے روز روس اور یوکرین کے درمیان اپنی تازہ ترین ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ثالثی کی وجہ سے 300 جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اس تبادلے میں یوکرین کے 150 اور روس کے 150 قیدی شامل تھے۔
وزارت نے کہا کہ اس تازہ ترین پیشرفت کے ساتھ، متحدہ عرب امارات کی ثالثی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی کل تعداد 2,883 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت نے بیان میں مزید کہا کہ اس ثالثی کی کامیاب تکمیل کے ساتھ، متحدہ عرب امارات نے 2024 کے آغاز سے اب تک روس اور یوکرین کے درمیان کل 12 کامیاب ثالثی مکمل کی ہیں۔
وزارت نے یوکرین میں تنازعے کا پرامن حل تلاش کرنے اور سبھی سفارتی کوششوں کی حمایت کرنے، مہاجرین اور قیدیوں کی حالت زار سمیت بحران کے انسانی نتائج میں کمی لانے کے لئے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔