دشمن ہماری قوت ارادی کو کمزور کرکے جنگ کے بغیر فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں، جنرل رشید

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل غلام علی رشید نے ایرانی فوج کے اعلی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) کی قیادت میں آنے والے اسلامی انقلاب نے عوام کے ساتھ ایرانی فوج کو بھی اندرونی طور پر بدل کر رکھ دیا۔ ایرانی فوج نے شاہ کی ظالم حکومت کی بقاء یا زوال میں اہم کردار ادا کیا۔ فوج کے مسلمان اور انقلابی اراکین نے ایک تاریخی کردار انتخاب کیا، جس کی بدولت انقلاب کو خانہ جنگی کے بغیر کامیابی حاصل ہوئی۔ ایرانی فوج نے اسلامی انقلاب کو تسلیم کیا اور اس میں شامل ہوکر درحقیقت امام خمینی (رح) کی قیادت سے وفاداری کا عہد کیا۔

جنرل رشید نے مزید کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک نے ایرانی فوج کو کمزور کرنے پر پورا زور لگایا۔ اس مقصد کے تحت صدام اور عراقی بعثی حکومت کو ایران کے خلاف جنگ پر اکسایا گیا۔ صدام نے مغربی اور مشرقی طاقتوں کی حمایت کے تحت ایران پر حملہ کیا لیکن ایرانی فوج اور عوام کی مشترکہ مزاحمت نے عراق کی جارح فوج کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایرانی عوام، فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب ایک ساتھ نہ ہوتے، تو عراقی حملہ آور فوج کو شکست دینا ممکن نہ ہوتا۔ اسلامی انقلاب کے بعد ایران کی فوجی طاقت، دینی اور انقلابی عقائد پر مبنی ایک مضبوط عوامی شرکت اور بسیج و سپاہ کی مشارکت کے ساتھ تشکیل پائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی صہیونی اور مغربی ذرائع ابلاغ غلط اندازوں کی بنیاد پر ایران کی فوجی طاقت کو کمزور ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ علاقائی حالات کا تجزیہ کرکے ایک نفسیاتی اور میڈیا مہم چلا رہے ہیں تاکہ ایران کی دفاعی طاقت کو متاثر کرسکیں۔ تاہم اسلامی جمہوریہ ایرانی فوج اور سپاہ پاسداران ایک بار پھر دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کردیں گی۔

جنرل رشید نے مزید تاکید کی کہ دشمن مکارانہ طریقے سے ہماری ارادے کو کمزور کرکے بغیر جنگ کے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن ایران کی مسلح افواج اپنی طاقت سے دشمن کی اس غلط فہمی کی سزا بھگتنے پر مجبور کر دیں گی۔ ایرانی فوج اور سپاہ ہمیشہ مکمل جنگی تیاری میں ہیں۔ ایران کی بقا، عزت اور اسٹریٹجک پوزیشن اس کی فوجی طاقت کی بنیاد پر ہمیشہ محفوظ رہے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *