اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے قیام کے لئے خفیہ مذاکرات جاری، صہیونی میڈیا

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صیہونی ذرائع ابلاغ میں سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے قیام کے لئے پس پردہ مذاکرات کے بارے میں چہ میگوئیاں ہورہی ہیں۔

صہیونی چینل کان کے صحافی سلیمان مسودہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کو امید ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے مذاکرات میں اس ہفتے نمایاں پیش رفت ہوگی۔ یہ پیش رفت اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے امریکا کے دورے کے دوران متوقع ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پس پردہ مذاکرات جاری ہیں تاکہ مذاکراتی ٹیموں کی تشکیل کو حتمی شکل دی جاسکے۔ مذاکرات کے نتائج جلد ہی منظرعام پر آنے کے امکانات ہیں۔

صہیونی مبصر آنا براسکی نے لکھا کہ نیتن یاہو اپنے امریکی دورے کے دوران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کریں گے۔

انہوں نے اسرائیلی اخبار معاریو میں ایک مضمون میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی ماضی میں عملی جامہ پہننے کے قریب تھی۔ یہ محض اتفاق نہیں کہ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف نے اپنا علاقائی دورہ یروشلم کے بجائے ریاض سے شروع کیا۔

دوسری جانب سخت گیر اسرائیلی سیاسی جماعت شاس کے سربراہ آریہ درعی نے اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد سے ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اس سے قبل، ایک مغربی سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عربی 21 کو بتایا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی میں دراڑیں پڑنے کی خبریں مکمل طور پر درست نہیں ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *