نئی دہلی ۔ ریاست چھتیس گڑھ کا جنگلاتی علاقہ ایک مرتبہ پھر فائرنگ کی آوازوں سے گونج اُٹھا۔ بیجاپور ضلع کے گنگلور جنگل کے علاقے میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام نے بتایا کہ اس مقابلے میں 8 ماؤ نواز ہلاک ہو گئے ہیں۔
گنگلور پولیس اسٹیشن کے حدود میں مغربی بستر ڈویژن کے ماؤ نوازوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد، ڈی آر جی، سی آر پی ایف، کوبرا یونٹ، اور ایس ٹی ایف نے اینٹی نکسلیٹ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران جب ماؤ نوازوں نے حفاظتی دستوں کو دیکھا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
جس پرسیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور ماؤ نوازوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ مقابلہ صبح 8:30 بجے شروع ہوا تھا اور ابھی بھی جاری ہے۔ جنگل میں ماؤ نوازوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ مقام واقعہ سے ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔