بہار میں کانگریس کے ایم پی منوج کمار پر گاؤں والوں کا حملہ

بہار کے کیمور ضلع میں  کانگریس رکن پارلیمنٹ منوج کمار پر گاؤں والوں  نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ان کے سر پر چوٹیں آئیں اور انہیں فوراً ہاسپٹل لے جایا گیا۔

 

منوج کمار، جو سسرام کی درج فہرست ذاتوں کے لیے مخصوص سیٹ سے ایم پی ہیں، ناتھوپور گاؤں میں ایک مقامی اسکول انتظامیہ اور دیہاتیوں کے درمیان تنازعہ حل کروانے گئے تھے۔ یہ اسکول ان کے بھائی مرتیونجے بھارتی چلاتے ہیں۔

 

گزشتہ روز پرائمری ایگریکلچرل کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹیز کے انتخابات کے نتائج کے بعد جیت کی ریلی نکالی جا رہی تھی۔ کیمور کے ایس پی ہری موہن شکلا نے بتایا کہ پہلے تو ایم پی منوج کمار نے دیہاتیوں کو پرسکون کر دیا تھا، لیکن بعد میں وہ دوبارہ لاٹھیوں کے ساتھ واپس آئے اور ایم پی اور ان کے حامیوں پر حملہ کر دیا۔ ایم پی کے بھائی کو بھی دیہاتیوں نے زد و کوب کیا۔

 

پولیس کے مطابق سینئر افسران فوراً موقع پر پہنچے اور حالات پر قابو پایا۔ ایم پی منوج کمار کو پہلے قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے انہیں بہتر علاج کے لیے بڑے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

 

اس واقعے پر دونوں فریقوں نے شکایت درج کرائی ہے۔ ریاستی کانگریس صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے اس حملے کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *