مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی صدر جوزف عون نے ایرانی سفیر مجتبی امانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ بیروت ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
بیروت کے صدارتی محل میں صدر عون نے ایرانی سفیر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مجتبی امانی نے جوزف عون کو صدر منتخب ہونے اور جنوبی لبنان سے صہیونی افواج کے انخلا کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
ایرانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ لبنان کے صدر کا انتخاب ایک وسیع قومی اتفاق رائے کا نتیجہ ہے، جو فخر اور اطمینان کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور لبنان کے مضبوط تعلقات جاری رہیں گے۔ ایران اقتصادی، سماجی، طبی اور تعمیر نو کے شعبوں میں لبنان کو مزید مدد فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رہیں گی۔