حیدرآباد: حسین ساگر جھیل میں کشتی میں پٹاخوں کے پھٹنے سے ایک شخص کی جھلس کر ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بھارت ماتا مہارتی پروگرام کے اختتام کے موقع پر اتوار کی رات حسین ساگر جھیل میں پٹاخے جلائے جا رہے تھے۔
کشتی میں پٹاخے پھٹنے سے شدید طور پر جھلس جانے والے شخص کی شناخت گنپتی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حادثے کے فوراً بعد اسے سکندرآباد کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔
اس واقعہ کے دوران ایک اور سانحہ بھی پیش آیا۔ جھیل میں غرق ہونے والے بی ٹیک کے طالب علم اجئے کی تلاش دوسرے دن بھی جاری رہی۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں اس کی تلاش میں مصروف ہیں۔ لیکن اُس کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔