فلم “پشپا” سیریز نے عالمی سطح پر زبردست کمائی کی، دیوی شری پرساد نے جانوی کپور کے آئٹم سانگ میں شامل ہونے کی تجویز دی
ممبئی۔فلموں کی مشہور “پشپا” سیریز نے دنیا بھر میں شاندار کمائی کی ہے۔ سوکمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ان فلموں میں ہیرو کے طور پر الو ارجن نے اداکاری کی۔ اس فلم کو دیوی شری پرساد کی موسیقی نے ایک نیا معیار دیا ہے۔ ان فلموں میں آئٹم گانے خصوصی کشش رکھتے ہیں جو ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے ہیں۔ حال ہی میں دیوی شری پرساد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر اداکارہ جھانوی کپور تیسرے پارٹ کے آئٹم گانے میں رقص کریں تو یہ اچھا ہوگا۔
دیوی شری پرساد نے کہا “ہمیں پہلے ہی معلوم تھا کہ جو بھی ‘پشپا 2’ کے گانے ‘کسک’ میں شامل ہو گا وہ عالمی سطح پر مقبول ہو جائے گا۔ میں نے فلم میکرس سے کہا تھا کہ سری لیلا کو آئٹم سانگ میں شامل کیا جائے کیونکہ وہ ایک بہترین ڈانسر ہیں۔ ان کے مطابق میری کمپوز کی ہوئی موسیقی میں پہلی بار بہت سی معروف اداکارائیں شامل ہوئی ہیں، جیسے پوجا ہیگڈے، سمنتا، سری لیلا اور کاجل اگروال، جنہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر آئٹم گانوں پر رقص کیا۔ اب پشپا 3 میں آئٹم گانے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور اس بارے میں ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہی فیصلہ کریں گے۔ گانے کی نوعیت کے مطابق ہیروئن کا انتخاب کیا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا “اگر اداکارہ اچھا رقص کرتی ہو تو گانے کی کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ میں سائی پلوی کے رقص کا بہت مداح ہوں، اور جھانوی کپور بھی ایک شاندار ڈانسر ہیں۔ میں نے ان کے کچھ گانے دیکھے ہیں۔ میرے خیال میں جھانوی اس گانے کے لیے بہترین انتخاب ہو گی۔ اس طرح کے گانوں کی کامیابی کے لیے رقص بہت اہم ہوتا ہے۔”
“پشپا: دی رول” کو 2021 میں ریلیز ہونے والی “پشپا: دی رائز” کا سیکوئل بنایا گیا۔ یہ فلم دسمبر 2024 میں ریلیز ہوئی اور ابھی تک سینما گھروں میں کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے۔ اس نے کمائی کے معاملے میں “باہوبلی 2” کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور یہ تقریباً 2000 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ حال ہی میں اس فلم میں اضافی سینز (20 منٹ طویل) شامل کیے گئے ہیں، جس کے ساتھ “پشپا 3” کی تیاری بھی جاری ہے۔