تلنگانہ کے پٹن چیرو اسمبلی حلقہ میں کانگریس پارٹی کے ایک گروپ نے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے رکن اسمبلی مہیپال ریڈی کے خلاف زبردست احتجاج کیا ۔ایم ایل اے کیمپ آفس میں توڑ پھوڑ کردی ۔
بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس سے جیت کر کانگریس میں شامل ہونے والے ایم ایل اے مہپال ریڈی کے خلاف کانگریس کے پرانے کیڈر، جو کاٹا سرینواس گوڑ کے حامی بتائے جاتے ہیں نے زبردست احتجاج کیا
۔ بولا رم میں کانگریس کارکنوں نے ” کانگریس بچاؤ ، پٹن چیرو بچاؤ” اور مہیپال ریڈی کو ہٹاو کے نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایم ایل اے مہپال ریڈی نے کانگریس کے پرانے لیڈروں کو گالیاں دیں۔ مظاہرین نے ایم ایل اے کے کیمپ آفس میں موجود کرسیوں کو توڑ دیا اور الزام لگایا کہ رکن اسمبلی اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر کانگریس کے پرانے قائدین پر حملے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرانے اور نئے لیڈروں کے درمیان مسئلے کو حل کیا جائے۔ احتجاج بڑھنے پر پولیس نے پٹن چیرو چوراہے پر بڑی تعداد میں فورس تعینات کر دی۔