سری نگر: شمالی ضلع بارہ مولہ کے زالورہ سوپور میں دوسرے دن بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔
بتادیں کہ اتوار کی شام زالورہ سوپور میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ۔
اطلاعات کے مطابق سوپور کے زالورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گجر پتی ، زالورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اتوار کی شام جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی۔
دفاعی ذرائع کے مطابق زالورہ ، گجر پتی علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال پیر کی صبح سے ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین دوبارہ آمنا سامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔