کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پٹنہ میں آر جے ڈی سربراہ لالو یادو سے ملاقات کی۔ اس دوران رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔
پٹنہ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کو اپنے بہار کے دورے کے دوران راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد، تیجسوی یادو اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی سے ملاقات کی۔ رابڑی دیوی اور لالو یادو نے خود راہل گاندھی کا رابڑی کی رہائش گاہ پر استقبال کیا۔ یہ ملاقات تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔
ملاقات کے بعد تیجسوی یادو نے کہا کہ ‘ہم نے راہل گاندھی سے کہا تھا کہ پروگرام ختم ہونے کے بعد ان کا پورا خاندان ان سے مل کر خوش ہوگا۔ تیجسوی یادو نے رابڑی کی رہائش گاہ پہنچنے والے راہل گاندھی کو بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر پیش کی۔ دراصل راہل گاندھی اور تیجسوی یادو یہ بیانیہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار مل کر آئین کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تکمیل کے بعد راہل گاندھی کا بہار کا یہ پہلا دورہ تھا۔ انہیں رابڑی کی رہائش گاہ پر چنا اور چوڑا پیش کیا گیا، جو راہل گاندھی کو بہت پسند آیا۔ انہوں نے رابڑی کی رہائش گاہ میں بنے مندر کا بھی دورہ کیا ۔ رابڑی کی رہائش گاہ پر پارٹی کی ریاستی اکائی کے کئی دیگر قائدین بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
راہل گاندھی نے رابڑی کی رہائش گاہ میں بنائے گئے ’گؤ شالہ ‘ یعنی گائے خانے کا بھی دورہ کیا۔ اس کے بعد وہاں موجود لوگوں سے اس کی دیکھ بھال کے بارے میں معلومات بھی لی۔ امید کی جا رہی ہے کہ راہل کے اس دورے سے اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے آر جے ڈی اور کانگریس کے تعلقات میں ایک پگھلاؤ آئے گا۔
اس ملاقات کے بعد یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ انڈیا نامی اتحاد متحد ہے۔ کہیں کوئی بکھراؤ نہیں ہےاور تمام اتحادی پارٹیا ں2025 کے اسمبلی انتخابات ایک ساتھ لڑیں گے۔ راہل گاندھی کے ساتھ ریاستی کانگریس صدر اکھلیش سنگھ، مدن موہن جھا اور قانون ساز پارٹی کے لیڈر شکیل احمد خان بھی رابڑی کی رہائش گاہ پہنچے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔