حیدرآباد۔ تلنگانہ میں ماؤنواز پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ 16 جنوری کو چھتیس گڑھ کے بستر ضلع کے بیجا پور علاقے میں پولیس اور ماؤنوازوں کے درمیان فائرنگ میں تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کے سیکریٹری چکّا راؤ عرف دامودر ہلاک ہوگئے۔ ماؤنواز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس جھڑپ میں چوکّا راؤ سمیت 18 نکسلائٹس مارے گئے۔
چکّا راؤ تلنگانہ کے ملگو ضلع کے تاڈوائی منڈل کے کالواپلی گاؤں سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ ماؤنواز نظریات سے متاثر ہوکر تحریک میں شامل ہوئے اور 30 سال تک مختلف ذمہ داریوں پر کام کیا۔ کورونا کے دوران اس وقت کے تلنگانہ ماؤنواز کمیٹی کے سیکریٹری ہری بھوشن کی موت کے بعد مرکزی کمیٹی نے چوکّا راؤ کو یہ ذمہ داری سونپی تھی۔
چکّا راؤ کئی ریاستوں میں مطلوب تھے اور چھتیس گڑھ حکومت نے ان کے سر پر 50 لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا، جبکہ تلنگانہ حکومت نے بھی 25 لاکھ روپے کا انعام اعلان کیا تھا۔ ان کی بیوی رجیتا کو بھی 2023 میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔