قاہرہ: حماس اور اسرائیل کی جنگ بندی بہت جلد لاگو ہوجائے گی۔ قطر کی وزارت ِ خارجہ نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ ایکس پر پوسٹ میں عرب ملک کے وزیر خارجہ ماجدالانصاری نے کہا کہ جنگ بندی اتوار کی صبح 8:30 بجے (6:30GMT) لاگو ہوجائے گی۔
انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ احتیاط برتیں اور عہدیداروں کی ہدایتوں کا انتظار کریں۔ ہفتہ کی صبح اسرائیلی کابینہ نے غزہ میں جنگ بندی معاملت کو منظوری دے دی جس کے تحت کئی یرغمالی رہا ہوجائیں گے اور حماس کے ساتھ 15 ماہ سے جاری جنگ رک جائے گی۔ جنگ بندی کی خبر کے باوجود ہفتہ کے دن اسرائیل بھر میں سائرن بجتے رہے۔ اسرائیل فوج کا کہنا ہے کہ اس نے یمن کی طرف سے داغے گئے مزائلوں کو روک کر ناکارہ کردیا۔
ایران نواز حوثیوں نے حالیہ ہفتوں میں اپنے مزائل حملے تیز کردیئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے غزہ میں جنگ رکوانے اسرائیل اور مغرب پر دباؤ ڈالنے کی ان کی مہم کا حصہ ہیں۔ جنگ بندی کے پہلے مرحلہ کے تحت آئندہ 6 ہفتوں میں 33 یرغمالی رہا ہوجائیں گے۔ ان کی رہائی کے عوض اسرائیل اُس کی جیلوں میں بند سینکڑوں فلسطینیوں کو آزاد کردے گا۔ مابقی یرغمالی بشمول مرد فوجی دوسرے مرحلہ میں رہا ہوں گے۔
حماس کا کہنا ہے کہ وہ دیرپا جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے پوری طرح پیچھے ہٹنے تک مابقی یرغمالی رہا نہیں کرے گی۔ اسرائیلی وزارت ِ انصاف نے پہلے مرحلہ کے تحت رہا کئے جانے والے 700 سے زائد افراد کی فہرست شائع کی۔ اس نے کہا کہ یہ رہائی اتوار کے دن مقامی وقت 4:00 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگی۔ فہرست میں شامل لوگ نوجوان یا خواتین ہیں۔
پہلے مرحلہ میں اسرائیلی فوج پیچھے ہٹ کر بفر زون میں چلی جائے گی۔ یہ زون غزہ کے اندر تقریباً ایک کیلو میٹر کا ہے اور اسرائیل کی سرحدوں سے متصل ہے۔ بے گھر فلسطینی اپنے گھر واپس ہوسکیں گے جو گھر واپسی کے لئے بے قرار ہیں۔ توقع ہے کہ تباہ علاقہ میں انسانی امداد بڑھ جائے گی۔ جمعہ کے دن غزہ میں داخل ہونے کے لئے رفح بارڈر کراسنگ پر مصر کی سمت امدادی ٹرکس کی قطار لگ گئی۔