[]
حیدرآباد: شہر کے حسینی علم علاقہ میں کبوتر خانہ آوٹ پوسٹ میں سرویس ہتھیار سے اتفاقاً گولی چل جانے سے ہیڈکانسٹبل کی موت ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ جی سری کانت محکمہ پولیس سے گزشتہ 8سال سے وابستہ تھے‘ان کا تقرر کانسٹبل کی حیثیت سے پولیس میں ہواتھا۔ وہ کبوترخانہ آوٹ پوسٹ کے انچارج تھے۔
کل رات دیرگئے ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد وہ اپنے روم میں محوخواب تھے کہ گولی چلنے کی اچانک آواز سنائی دی۔ڈیوٹی پر تعینات کانسٹبل اور دیگر عملہ نے روم کے دروازہ پر دستک دی مگر دروازہ اندرسے بندتھا۔
دروازہ توڑکر دیکھا تو سری کانت کے سرسے خون بہہ رہا تھا۔ اسی حالت میں انہیں دواخانہ عثمانیہ منتقل کیاگیا۔ جہاں ان کی آج صبح موت ہوگئی۔ حسینی علم پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالہ کردیا۔