سنبھل (یوپی): سنبھل کی شاہی جامع مسجد میں 24 نومبر کو عدالت کے حکم پر سروے کے دوران تشدد کے بعد سے ضلع میں برقی سرقہ کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے جس کے نتیجہ میں زائداز 1400 کیسس درج کئے گئے ہیں۔
16 مساجد اور 2 مدرسوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر ونود کمار نے چہارشنبہ کے روز نامہ نگاروں کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سنبھل میں اب تک برقی سرقہ کے زائداز 1400 کیسس درج کئے ہیں جن میں 16 مساجد اور 2 مدرسوں کے خلاف الزامات شامل ہیں۔
ان کیسس میں 11کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اب تک 20لاکھ روپے وصول کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے اس مہم کے وسیع تر مضمرات کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس مہم کے آغاز کے بعد سے 22 مساجد اور ایک چرچ سے نئے برقی کنکشنس کے لئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ہمارے معائنوں کے دوران ہم نے غیرمعمولی لوڈ پیٹرن نوٹ کیا۔
صبح کے اوقات میں لوڈ میں کمی ہوتی تھی لیکن 10 بجے شب تا 4 بجے صبح اچانک اضافہ ہوجاتا تھا۔ ہم نے کلیدی مقامات کا پتہ چلایا اور رات کے اوقات میں دھاوے کئے۔
صرف 2 دن پہلے ہم نے برقی چوری کے مزید 42 کیسس درج کئے ہیں۔ قبل ازیں سماج وادی پارٹی لیڈر اور سنبھل کے رکن لوک سبھا ضیاء الرحمن برق کے خلاف بھی برقی سرقہ کا کیس درج کیا گیا تھا۔