ممبئی: بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر ان کے گھر میں گھس کر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی ہے۔ ممبئی پولیس نے حملہ آور کی تصویر جاری کردی ہے۔ یہ واقعہ دیر رات ممبئی کے کھار علاقے میں واقع گرو شرن اپارٹمنٹ کی بارہویں منزل پر پیش آیا، جہاں ملزم چوری کی نیت سے داخل ہوا اور سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کردیا۔
ممبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کو سیڑھیوں سے اترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ پولیس کی رپورٹ کے مطابق، ملزم نے سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے، جن میں سے ایک وار سیف کی ریڑھ کی ہڈی میں پیوست ہوگیا۔ اداکار کے ہاتھ، گردن اور ٹانگ پر بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔
اس وقت سیف علی خان کے بڑے بیٹے، ابراہیم علی خان، گھر پر موجود تھے۔ وہ فوراً اپنے والد کو خون میں لت پت حالت میں لیلاوتی اسپتال لے گئے۔ اطلاعات کے مطابق، سیف کی گاڑی فوری طور پر دستیاب نہیں تھی، لہٰذا ابراہیم نے اپنے والد کو آٹو رکشہ میں اسپتال پہنچایا۔
ڈاکٹروں کے مطابق، سیف علی خان کی دو سرجریاں کرنی پڑیں۔ فی الحال ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سیف کی اہلیہ اور اداکارہ کرینہ کپور خان اسپتال میں ان کے ساتھ موجود ہیں۔ پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرم ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔