تاجکستان ہمارے اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے، ایرانی صدر

مہر نیوز رپورٹر کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دوشنبہ میں اپنے تاجک ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

 انہوں نے کہا: دونوں ممالک باہمی طور پر تاریخ، تہذیب اور مشترکہ زبان کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

 صدر پزشکیان نے کہا کہ تاجکستان خطے میں ہمارے اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گہرے تعلقات موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کی 23 مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ معاہدوں پر عمل درآمد کے ذریعے جلد مطلوبہ اہداف حاصل کریں گے۔ 

ایرانی صدر نے صیہونی حکومت کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے علاقائی پیشرفت اور سب سے بڑھ کر غزہ میں صیہونی دہشت گرد حکومت کے جرائم کے بارے میں بھی بات چیت اور مشاورت کی ہے۔ 

انہوں نے قابض رجیم کے ہاتھوں غزہ کے عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے صیہونی حکام کے عدالتی مواخذے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں موجود تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے کا ایک طاقتور ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمہ جانبہ تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے اور تاجکستان اس حسن ہمجواری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *