سری نگر: وادی کشمیر میں برف باری کی پیش گوئی کے بیچ مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
ادھر اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، قاضی گنڈ، کولگام، شوپیاں اور اہرہ بل علاقوں میں ہلکی برف باری شروع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جنوری کو کشمیر میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس دوران جموں صوبے میں بھی ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 17 جنوری سے 19 جنوری تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 19 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
متعلقہ محکمے کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 اور 21 جنوری کو بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 22 اور 23 جنوری کو بھی موسم ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور اس دوران وادی میں برف باری جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں پہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔ دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی تھی۔
سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔
سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وسطی کشمیر میں واقع وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی17.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کا باد شاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری باری کے لئے مشہور ہے۔