تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے میٹ پلی سب رجسٹرار آصف الدین، اسسٹنٹ ڈاکیومنٹ رائٹر آرمور روی، اور آفس کے آؤٹ سورس سب آرڈینیٹ روی کمار کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق، جگتیال ضلع کے ابراہیم پٹنم منڈل کے تھماپور کا رہنے والا سنکے وشنو، جو ایک سرکاری بینک میں ملازم ہے ، نے میٹ پلی کے سائی رام کالونی میں 266 گز زمین خریدی تھی اور 28 دسمبر کو سب رجسٹرار آفس میں اسے رجسٹر کروایا۔ بعد ازاں، مارٹیگیج دستاویزات کے لیے درخواست دی تھی۔
سب رجسٹرار نے مارٹیگیج دستاویزات دینے کے لیے 10 ہزار روپے رشوت مانگی، جس پر وشنو نے 7 جنوری کو اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت کی۔
اگلے دن جب وشنو آفس گیا تو سب رجسٹرار کی غیر موجودگی میں سب آرڈینیٹ نے ایک ہزار روپے کم دینے کو کہا۔ وشنو واپس آگیا لیکن چہارشنبہ کے دن جب دوبارہ گیا تو بھی دستاویزات نہیں دی گئیں۔
بعد میں اسسٹنٹ ڈاکیومنٹ رائٹر آرمور روی نے بتایا کہ سب رجسٹرار نے 5 ہزار روپے رشوت دینے کو کہا ہے۔ وشنو نے جیسے ہی رشوت کی رقم ادا کی، وہاں پہلے سے موجود اے سی بی کے عہدیداروں نے تینوں ملزمین کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور رشوت کی رقم ضبط کر لی۔
ڈی ایس پی وی وی رمنامورتی نے بتایا کہ تینوں کے خلاف کیس درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا اور کریم نگر کی اے سی بی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔