شردپوار کے دور میں ممبئی شہر، داؤد کے کنٹرول میں تھا: ونودتاؤڑے

ممبئی: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے نے چہارشنبہ کے دن سابق مرکزی وزیر اور این سی پی(ایس پی) صدر شردپوار کو یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایا کہ ملک جانتا ہے کہ ان کے دور میں داؤد جیسے ڈان ممبئی شہر کو چلاتے تھے اور داؤد کے آدمی شردپوار کے ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تاؤڑے نے اپنے ویڈیو پیام میں یہ بات کہی۔ انہوں نے ہندی میں لکھا کہ امیت شاہ کے تعلق سے شردپوار کا بیان انتہائی نامناسب ہے۔ شردپوار جی جس تڑی پار کیس کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں سپریم کورٹ نے امیت شاہ کو بری کردیا تھا۔

شردپوار نے امیت شاہ پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کا کوئی بھی وزیر داخلہ تڑی پار نہیں ہوا۔ انہوں نے امیت شاہ کو وزیر داخلہ کے عہدہ کا وقار برقرار رکھنے کو کہا تھا۔ وہ امیت شاہ کے اس بیان پر برہم تھے کہ نومبر 2024 کے مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن نے اُس بے وفائی اور دھوکہ دہی کا خاتمہ کردیا جس کی شروعات 1978 میں شردپوار نے کی تھی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *