نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور وپارلیمانی امور کرن رجیجو نے 11 جنوری سے 14 جنوری 2025 تک سعودی عرب کا دورہ کیا اس دورے کے دوران انہوں نے آئندہ حج کی تیاریوں کے حوالے سے اہم بات چیت کی ، جس میں حج 2025 کے لیے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کرنا شامل تھا۔
ان کے دورے کےدوران حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی اجلاس میں شرکت اور اس میں سعودی حکام کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل تھیں دورے کے دوران مرکزی وزیر نے جدہ اور مدینہ میں ہندوستانی عازمین حج کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
حج 2025 کے لیے دوطرفہ معاہدے، جس میں ہندوستانی عازمین کے لیے حج کے وسیع فریم ورک کی تفصیل ہے، 13 جنوری 2025 کو جدہ میں ہندوستانی وزیر حج اور سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے دستخط کیے تھے۔ جس کے مطابق ہندوستان کے لیے 1,75,025 عازمین کا حج کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر نے جدہ میں سعودی وزارت حج و عمرہ کے تحت منعقدہ چوتھی حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ یہ بین الاقوامی کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور اس میں حج و عمرہ کی خدمات کے حوالے سے اہم فیصلہ سازوں، ماہرین اور محققین کی میٹنگز اور ورکشاپس شامل ہوتی ہیں اور اس میں بہترین طریقوں اور خیالات اور اطلاعات کے تبادلے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
رجیجو نے سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ حج 2025 کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستانی عازمین کے لیے محفوظ، آرام دہ اور پرامن حج کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر موصوف نے ریاض میں سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات انجینئر صلاح بن ناصر الجاسر سے بھی ملاقات کی اور سفر حج پر جانے والے ہندوستانی عازمین کے لیے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کو مزید بہتر اور آسان کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
کرن رجیجو نے مدینہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعودی بن خالد بن فیصل السعود سے دو طرفہ ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران سعودی عرب کی سرزمین پر حج کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیر موصوف نے ہندوستانی عازمین حج کے لئے انتظامات بشمول نقل و حمل کے انتظامات، انتظامی انتظامات اور صحت کی سہولیات کا ایک جامع جائزہ لیا۔ انہوں نے جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس کے حج ٹرمینلز کا بھی دورہ کیا اور عازمین کی آمد و روانگی اور سامان کی ہینڈلنگ کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑی اسٹریٹجک ساجھیداری ہے۔ حج دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کا ایک اہم پہلو ہے۔ وزیر موصوف کا دورہ سعودی عرب بڑھتے ہوئے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور ہمارے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔