حیدرآباد: سوشل میڈیا پر اکثر ایسی حیرت انگیز تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں، جنہیں دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔ مختلف عجیب و غریب جاندار نظر آتے ہیں، جن کے بارے میں نہ کبھی سنا ہوتا ہے اور نہ دیکھا۔ اب سوشل میڈیا پر ایک ایسی مچھلی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے منہ میں انسانوں جیسے دانت ہیں۔
یہ حیرت انگیز واقعہ برازیل کی پاؤلا موریرہ کے ساتھ پیش آیا، جنہیں ایک مچھلی ملی جس کے دانت انسانوں کی طرح تھے۔ جب پاؤلا نے اسے دیکھا تو وہ حیران رہ گئیں اور فوراً اس کا ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر شیئر کر دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے مچھلی کی تفصیلات جاننے کی کوششیں شروع کر دیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ اس مچھلی کا نام کیا ہے۔
عام طور پر مارکیٹ میں ملنے والی مچھلیوں میں ایسے دانت نہیں پائے جاتے۔ یہ مچھلی نہایت منفرد اور عجیب ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنے ہاتھوں سے مچھلی کے دانت دکھا رہی ہیں۔
پاؤلا نے بتایا کہ یہ مچھلی ان تین مچھلیوں میں شامل تھی، جنہیں ان کے خاندان نے 30 دسمبر کو اپنی دادی کے ساتھ سمندر کے کنارے سیر کے بعد 49 ڈالر (تقریباً 4000 روپے) میں خریدا تھا۔ اس وقت ہم نے اس کی خاصیت پر توجہ نہیں دی تھی۔
لیکن جب میں نے اسے قریب سے دیکھا تو حیرت زدہ رہ گئی۔ اس مچھلی کے دانت ایک ہی وقت میں عجیب بھی لگ رہے تھے اور مزاحیہ بھی۔ اسی لیے میں نے فوراً اپنے فون سے اس کا ویڈیو بنایا اور سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر @paulamoreiraor نامی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے، جس کے کیپشن میں لکھا ہے: “اینتیتا، یہ مچھلی پورٹو ویلہو کے ساحل پر ملی۔ کیا کسی کو معلوم ہے کہ یہ کس قسم کی مچھلی ہے؟”
ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور 60 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔ ویڈیو پر صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی آ رہے ہیں۔
ایک صارف نے مچھلی کا نام بتاتے ہوئے لکھا: “یہ Toothpick مچھلی ہے، جسے Archosargus Proteocephalus بھی کہتے ہیں۔” دوسرے صارف نے مذاق میں لکھا: “اس کے دانت میرے دانتوں سے بہتر ہیں۔” تیسرے نے کہا: “اگر کوئی اس کے دانت نہیں لیتا تو میں اسے اپنی ساس کیلئے لے جاؤں گا۔”
یہ عجیب و غریب مچھلی سوشل میڈیا پر لوگوں کے درمیان بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور لوگ نہایت دلچسپی کے ساتھ اس کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔