حیدرآباد: تاریخی شہر حیدرآباد دکن میں دار القرأت الحسنین مغل پورہ (منسلک دار القرأت الباسطیہ قدیم ملک پیٹ حیدرآباد) کی جانب سے ہندوستان کی تاریخ کا پہلا خواتین و طالبات کیلے اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کل ہند حفظ مسابقہ برائے خواتین و طالبات کا انعقاد ۱۲ جنوری ۲۰۲۵ بروز اتوار ہوٹل انمول کانٹینینٹل میں منعقد ہوا جس کے فائنل راؤنڈ میں کل 21 مساہمات نے شرکت کی ۔
جس میں اول مقام بھٹکل کی عائشہ فدا بنت حافظ حشمت اللہ رکن الدین ، اور نوح ، میوات کی سیدہ بانو بنت عمران خان نے حاصل کیا۔ دوسرے مقام پر رتناگری کی مفروحہ بنت نور محمد رہی۔
پہلا مقام حاصل کرنے والی طالبات میں سے ہر ایک کے لیے 37500 روپیے اور دوم مقام حاصل کرنے والی طالبہ کے لیے 15000 روپیے نقد مع ٹرافی دیئے گیے۔ ان کے علاوہ فائنل کی ہر مساہمہ کو دو دو ہزار روپیے نقدی تقسیم کیے گیے۔ یہ پروگرام استاذ القراء مولانا قاري محمد علی خان صاحب کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔
پروگرام کے ایک ذمہ دار قاری مولانا محی الدین سہیل نے ہمارے نمائندہ کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اورمردوں کے لیے ہندوستان بھر میں مختلف مسابقاتِ حفظِ قرآن مجید منعقد کیے جاتے ہیں۔ ہندوستان بھر میں حافظات کی بھی کثرت ہونے لگی اور ہر شہر اور علاقہ میں اس کے لیے ادارے قائم ہورہے ہیں۔ ضرورت محسوس کی گئی کہ حافظات کے لیے بھی کل ہند سطح کا ایک مسابقہ حفظِ قرآن منعقد کیا جائے۔
اسی مقصد کے تحت مذکورہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسابقہ میں شرکت کے لیے کل چارراؤنڈ تھے۔ اسکریننگ راؤنڈ ، ایلیمنیشن راؤنڈ ، سیمی فائنل اور فائنل راؤنڈ ۔ پہلے راؤنڈ کے لیے 142 ، دوسرے راؤنڈ کے لیے 124 اور تیسری راؤنڈ کے لیے 41 طالبات نے کولیفائی کیا تھا اور یہ تینوں راؤنڈ آن لائن منقد کیے گیے تھے۔
فائنل راؤنڈ آف لائن تھا جو کل بروز اتوار ہوٹل انمول میں منعقد ہوا جو چار نشستوں پر مشتمل تھا۔ صبح دس بجے شروع ہونے والا یہ پروگرام قریب رات گیارہ بجے اپنے اختتام کو پہنچا جس میں 21 طالبات نے شرکت کی۔ تمام حافظات کے لیے قیام وطعام کا نظم ادارہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ججس کے فرائض استاذ القرا مولانا قاری محمد علی خان صاحب بانی وصدر دارالقرات الباسطیہ قدیم ملک پیٹ حافظ وقاری مولوی یونس علی خان صاحب حافظ و قاری ایوب علی خان صاحب اور حافظ و قاری مولانا محمد محی الدین سہیل صاحب نے انجام دئے۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا عبد الاحد بدر الدین صاحب مولنا زین الدین فضیل نقشبدی صاحب امام و خطیب مسجد ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ یاقوت پورہ قاری عبد الرحمان شاہد صاحب صدر ماہر القران حافظ و قاری عبدالمعید جنیدی صاحب استاذ تجوید قرات شاہی مسجد باغ عام جناب اشتیاق احمد صاحب خازن مسجد مولوی حیدری نور الحسنین مغل پورہ اور خواتین میں نقیب ملت بیرسٹر اسد الدین اویسی صاحب کے مامی صاحبہ زوجہ محی الدین انصاری صاحب نے بھی شرکت کی ۔ حضرت استاذ القراء دامت برکاتھم کی قیمتی نصائح اور دعا پر مسابقہ آختتام پزیر ہوا۔