حیدرآباد 13جنوری (پریس نوٹ) ایلوپتھک ہویا ہندوستانی یایونانی طریقہ علاج ان میں کوئی امتیاز نہیں ہے۔ ہر ایک طریقہ علاج اپنے آپ میں ایک انفرادیت رکھتا ہے۔ان سے وابستہ افراد کو اپنے اپنے طریقہ علاج کو جدیددور کی ضرورت اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ ایلوپتھک طریقہ علاج سے قبل پرنس آف فزیشینس ابن سینا کی تعلیم طب کو ہی یورپ میں اول مقام حاصل تھا اور سب نے اسی طریقہ علاج کو اپنایا تھا۔اور آج بھی اسی فلسفہ طب کو طبی نظام کی بنیاد سمجھاجاتا ہے۔ان خیالات کا اظہارمشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر محمدقطب الدین امریکہ نے حیدرآباد میں ڈاکٹر غلام یزدانی خان ایجوکیشنل اینڈٹیکنیکل ویلفیئرٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ آیوش کے کورسوں کے لئے منتخب مسلم طلباء
کی تہنیتی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر محمدقطب الدین نے مزید کہا کہ وہ بھی اُن کی دادی سے متاثر ہوکر شعبہ طب سے وابستہ ہوئے ہیں کیونکہ اُن کی دادی ایک نبض شناس حکیمہ تھیں اورجڑی بوٹیوں اور یونانی نسخوں کی مدد سے علاج کیا کرتی تھیں۔انہوں نے آیوش کے کورسوں کے لئے منتخب طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پیشے کے ساتھ ایمانداری کریں کیونکہ یہ پیشہ ،پیشہ تجارت نہیں بلکہ خدمت خلق ہے۔ جبکہ ایک اور مہمان خصوصی ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، صدرایم آئی ایف نے طلباء کو مشورہ دیا کہ آیوش سے منسلک شعبہ جات میں بھی مستقبل کو سنوارنے کے بہترین مواقع موجود ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ اس میدان میں اگر سنجیدگی سے اپنے مہارتوں کا لوہا منوالیں گے تو زمانہ آپ کا قدردان ہوگا۔
جناب محمد ریاض احمد سینئر صحافی، سیاست ٹی وی نے پروگرام کے روح رواں، ماہر میڈیکل کونسلر جناب عبدالرب عاف صاحب کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شدید بیمار بیٹے کی پروا کیے بغیر آیوش کے کورسوں میں مستحق مسلم بچوں کو داخلہ دلوانے کے لئے عبدالرب عاف صاحب نے اپنے بچے کو ڈائیلاسیس پر چھوڑ کر ملت کو ڈائیلاسیس سے نجات دلانے کی سعی کی ہے۔اس تقریب کی صدارت کاشف علی خان ٹرسٹی نے کی۔ جبکہ تقریب میں اسسٹنٹ پروفیسر مانو ڈاکٹر تبریز تاج، جناب عبدالرب عاف ماہر میڈیکل کونسلر، جناب راحیل احمد ہائی کورٹ ایڈوکیٹ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن، فاؤنڈر حفیظ انسٹی ٹیوٹ،اے اے خان جنرل سکریٹری میسا، ڈاکٹر فیض احمد ماہر تعلیم، ڈاکٹر عبدالوکیل سماجی جہد کار، ڈاکٹر ایم ایس ایم قادری، سماجی جہد کار، ڈاکٹر خواجہ بہاؤالدین جنرل سکریٹری کل ہند یونانی طبی کانفرنس، محترمہ شاہ نور بیگم سماجی جہد کار، ڈاکٹر انجم سلطانہ نائب پرنسپل نظامیہ طبی کالج حیدرآباد ودیگر اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے طلبا کو اپنے زرین مشوروں سے نوازا
ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے طلباء و اولیائے طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی مہمانوں کے ہاتھوں ڈاکٹر غلام یزدانی خان ایجوکیشنل اینڈٹیکنیکل ویلفیئرٹرسٹ کی جانب آیوش کے کورسوں کے لئے منتخب مسلم طلباء کی تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی ہمت افزائی کی گئی۔ اس خوبصورت تقریب کا اختتام جناب عبدالرب عاف صاحب کے شکریہ سے ہوا۔