مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، گذشتہ 15 مہینوں کے دوران فلسطینیوں کی نسل کشی اور بے گناہ انسانوں پر ظلم و ستم کے بعد صہیونی حکام اور فوجی اہلکاروں پر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کاروائی کی جارہی ہے۔ عالمی عدالت کی جانب سے نتن یاہو اور گیلانت کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے بعد مختلف ممالک میں صہیونی فوجی اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صہیونی میڈیا نے غزہ جنگ میں حصہ لینے اور جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر میکسیکو میں دو اسرائیلی فوجیوں کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برازیل کے ایک مقامی جج نے ایک صیہونی فوجی کے خلاف مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا جو چھٹیاں منانے کے لیے ملک آیا تھا۔
دوسری جانب صیہونی حکومت جنگی جرائم کے الزام میں بیرون ملک گرفتار فوجی اہلکاروں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔