ریاض ۔ کے این واصف
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح “جدہ اسپرڈوم” میں نائب گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کریں گے۔ وزارتِ حج وعمرہ کے زیر انتظام ضیوف الرحمن خدمت پروگرام کے تعاون سے کانفرنس و نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 280 سے زائد ادارے شرکت کر رہے ہیں جبکہ 120 سے زیادہ اسپیکرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔کانفرنس میں حج خدمات فراہم کرنے والے مقامی اور 100 سے زائد بین الاقوامی اداروں کے اعلی عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔کانفرنس 13 سے 16 جنوری تک جاری رہے گی جس میں 75 کے قریب مذاکراتی سیشنز ہوں گے جن میں عازمین حج کو مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ذمہ داران اپنی آرا و تجاویز پیش کریں گے۔
توقع ہے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین کے علاوہ ہندوستان سمیت مختلف ممالک کے سفیر، وزرا اور خدمات فراہم کرنے والی مقامی اور عالمی اداروں کے ذمہ دار بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس، مختلف ممالک کے حج مشنز اور عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کا
اہم ذریعہ ہو گی جس سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر کیا جاسکے گا۔