تلنگانہ میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل کا آغاز،  نئی درخواستیں بھی قبول کرنے کا اعلان

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ،26 جنوری سے نئے راشن کارڈز جاری کرنے کا عمل شروع کرے گی۔ حیدرآباد میں اتوار کے روز عہدیداروں کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بہبود پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہا کہ16 سے20 جنوری کے درمیان فیلڈ سطح پر استفادہ کنند گان کی شناخت کی تصدیق کا عمل انجام دیا جائے گا۔

شناخت شدہ استفادہ کنندگان کا ڈیٹا، 21جنوری سے انٹر (رجسٹریشن) کیا جائے گا اور نئے راشن کارڈز26 جنوری سے اجرا کے جائیں گے۔ پونم پربھاکر جو ضلع حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں، نے کہا کہ کانگریس حکومت نے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے نیا معیار(پیمانہ، کسوٹی) نہیں بنائی ہے۔

سابق میں اہلبیت کے جو معیار وقواعد بنائے گئے تھے، اُسی کو اپنا یا جائے گا۔ سابق کے اہلیت کے معیار کو اپنا تے ہوئے نئے راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے۔

 انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ایسے خاندانوں کو جو اضلاع سے حیدرآباد نقل مقام کرچکے ہیں بھی نئے راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت، سیاست سے بالا تر ہوکر غریبوں کے ساتھ انصاف کرنا چاہتی ہے۔

پونم پربھاکر نے کہا کہ نئے راشن کارڈز اور اندراماں امکنہ کیلئے نئی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اراضیات رکھنے والے افراد کو مکانات کی تعمیر کیلئے اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت مالی امداد کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت، ڈبل بیڈروم کے تعمیری کاموں کو مکمل کرے گی۔ جنہیں پیشرو بی آر ایس حکومت نے شروع کیا تھا۔ اس سلسلہ میں حکومت متعلقہ کنٹراکٹرس سے بات چیت کرے گی۔ مکمل شدہ ڈبل بیڈرومس مکانات کو بعد قرعہ اندازی، مستحق افراد میں الاٹ کئے جائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ سابق میں تربیت دئیے گئے اہلیت، معیار کے قواعد کے مطابق ریاست میں نئے راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے۔

چیف منسٹر اے ر یونت ریڈی نے دو دن قبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایک شخص کے پاس مختلف مقامات پر راشن کارڈز نہیں رہنے چاہئے۔ نئے راشن کارڈز کی اجرائی اندراماں امکنہ اُن4نئی اسکیمات میں شامل ہیں جنہیں 26 جنوری سے متعارف کرایا جائے گا۔

 اسی روز حکومت، رعیتو بھروسہ اسکیم بھی نافذ کرے گی جس کے تحت کسانوں کو فی ایکڑ12ہزار روپے کی امداد دی جائے گی اور یوم جمہوریہ کے روز سے اندراماں آتمیہ بھروسہ اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت بے زمین غریب مزدور خاندان کو سالانہ 12ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

اندرماں ایپ کے ذریعہ 18.32 لاکھ افراد کی شناخت ہوچکی ہے اور یہ تفصیلات پہلے ہی اضلاع کو روانہ کی جاچکی ہیں اندراماں امکنہ مختص کرنے میں غریب ترین افراد کو ترجیح دی جائے گی۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *