بی پی ایس سی طلبا نے مظاہرہ کے دوران نعرے بازی کی اور ٹائر جلائے۔ پپو یادو نے بی پی ایس سی 70ویں پی ٹی کے امتحان کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کو لے کر بہار بند کا اعلان کیا تھا۔
بہار میں بی پی ایس سی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر طلبا کی تحریک مزید زور پکڑتی جا رہی ہے۔ بی پی ایس سی دوبارہ امتحان اور اور بحالی امتحانات میں گڑبڑی کی جانچ کو لے کر ریاست کی راجدھانی پٹنہ میں آج طلبا نے زبردست مظاہرہ کیا۔ پورنیہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے بی پی ایس سی 70ویں پی ٹی کے امتحان کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کو لے کر اتوار (12 جنوری) کو بہار بند کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کاروباریوں سے بھی اس بند کو کامیاب بنانے کی گزارش کی تھی۔ اس بند کو بھیم آرمی اور اے آئی ایم آئی ایم کی بھی حمایت حاصل ہے۔
بہار بند کے دوران پٹنہ میں چھاتر یوا شکتی کے کارکنان مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس دوران پٹنہ میں جگہ جگہ بیچ سڑک پر ٹائر جلا کر مظاہرہ کیا گیا، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ بھی پیدا ہوئی۔ اس موقع پر کچھ طلبا نعرے بازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ پُرامن طریقے سے بہار بند کروا رہے ہیں۔ دکاندار خود ہی اپنی دکانیں بند کر رہے ہیں۔ اس دوران مظاہرین طلبا اپنے ہاتھوں میں جھنڈے بھی لیے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
احتجاجی مظاہرہ کر رہے طلبا تنظیم کے ایک کارکن نے کہا کہ رات میں طلبا پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا، یہ غلط ہے۔ بی پی ایس سی امتحان منسوخ ہونا چاہیے۔ جب تک امتحان منسوخ نہیں کیا جاتا ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹنہ میں چھاتر یوا شکتی کے بینر کے تحت طلبا تنظیم کے کارکنان این آئی ٹی موڑ سے بورنگ روڈ چوراہا اور پھر راجندر نگر ٹرمینل تک جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ پورنیہ سے ایم پی پپو یادو نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ صرف بی پی ایس سی معاملہ نہیں ہے، معاملہ ہے ملک کے امتحانات کا پیپر لیک ہونا۔ آج بی پی ایس سی، کل سپاہی بھرتی، پھر کلرک امتحان، میڈیکل امتحان کا پیپر لیک ہونا۔ حال فی الحال میں میڈیکل امتحانات سے متعلق کاغذات اور جلے ہوئے ایڈمٹ کارڈ برسراقتدار پارٹی کے ایک رشتہ دار کے گھر سے ملے ہیں۔ جو بھی پیپر لیک ہو رہا ہے، چاہے وہ سنجیو مکھیا ہو یا کوئی امتحان مافیا ہو، مافیاؤں کا رشتہ کسی نہ کسی بڑے رہنماؤں یا رشتہ داروں سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے سبھی امتحانات میں بچوں کا مستقبل برباد کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے جس کے خلاف ہم سبھی کو کھڑے ہونا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔