مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے امریکہ اور برطانیہ کی یمن پر جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ان حملوں کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ امریکہ اور برطانیہ اسرائیل کے مقابلے میں غزہ کی حمایت کی وجہ سے یمن پر حملے کررہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے جبکہ یمنی عوام اپنے پختہ عزم کی وجہ سے اس جنگ میں سرخرو ہوں گے۔
مہدی المشاط نے اپنے خطاب میں یمنی عوام کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نتنیاہو کی دھمکیوں سے ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا۔ یمن غزہ کی حمایت میں اسرائیل پر حملے جاری رکھے گا۔ یہ حملے کسی بھی صورت میں نہیں رکیں گے۔
یمنی اعلی رہنما نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال کے دوران یمنی مسلح افواج کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان افواج نے اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کے لیے سمندری حدود بند کردی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے جدید ہتھیار تیار کیے ہیں جن میں سپر سونک میزائل “فلسطین ۲” اور ڈرون “یافا” شامل ہیں۔ یہ ہتھیار اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام کو کامیابی سے عبور کرچکے ہیں۔ ہم نے وہ میزائل ٹیکنالوجی حاصل کی ہے جو دنیا کے چند ہی ممالک کے پاس ہے۔