ہندوستان اپنے اسپیڈیکس مشن میں کامیابی حاصل کرنے کے کافی قریب پہنچ گیا ہے۔ اسرو نے ہفتہ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دی کہ اسپیس ڈاکنگ تجربہ (اسپیڈیکس) کے تحت دونوں خلائی جہاز اس وقت 230 میٹر کی دوری پر ہیں۔ دونوں خلائی جہاز ٹھیک طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ جمعہ کو دونوں خلائی جہاز ڈیڑھ کلومیٹر کی دوری پر تھے۔
ڈاکنگ کے لیے دونوں خلائی جہازوں کو 225 میٹر کی دوری تک لانا ہے۔ حالانکہ اسرو نے ڈاکنگ تجربات کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی ہے۔ ‘اسپیڈیکس’ مشن کے تحت ہندوستان خلائی جہاز کو ‘ڈاک’ اور ‘اَن ڈاک’ کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرے گا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان امریکہ، روس اور چین کے بعد خلائی ‘ڈاکنگ’ ٹیکنالوجی میں اہل دنیا کا چوتھا ملک بننے کا فخر حاصل کر لے گا۔