مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں واقع “Pacific Palisade” نامی علاقے کے مکین آتشزدگی کا علم ہوتے ہی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے اور اب وہ اپنے گھروں کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے متاثرہ علاقے کو لوٹ رہے ہیں، لیکن پولیس کے امتیازی سلوک پر شدید برہم ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس کی پولیس انتظامیہ شہر کی مشہور شخصیات کو آسانی سے گزرنے دیتی ہے جب کہ عام شہریوں کو طویل لائنوں کے اعصاب شکن مرحلے سے گزرنے پر مجبور کر رہی ہے، جس پر شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔
ایک رہائشی یولینڈا برگ مین نے کہا: مجھے اپنی گاڑی کو علاقے سے باہر نکالنا ہے لیکن میں لمبی لائنوں میں انتظار کر رہی ہوں لیکن یہ افسوسناک بات ہے کہ ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو آسانی سے گزرنے کی اجازت ہے لیکن ہمیں نہیں، آخری ہم بھی انسان ہیں، یہ امتیازی سلوک قابل قبول نہیں ہے۔
ایک اور رہائشی کینتھ بینڈیٹو نے کہا کہ ہم صرف گھر جانا چاہتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا بچا ہے۔ لیکن پولیس کا امتیازی سلوک نہایت افسوس ناک ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں وسیع آتشزدگی کے دوران انتظامیہ کی جانب سے رہائشیوں اور مشہور لوگوں کے درمیان امتیازی سلوک نے لوگوں میں مزید عدم اطمینان پیدا کر دیا ہے۔
متاثرہ علاقے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی برابری کا نعرہ لگانے والی امریکی حکومت اپنے شہریوں سے امتیازی سلوک کر رہی ہے جو اس کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔
امریکی حکومت لاس اینجلس میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے بحران پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور آگ کی شدت نے مزید علاقوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔