عقائد کی پختگی ارتداد کا سدباب ہے
مدارسِ اسلامیہ اور مکاتبِ قرآنیہ کے ذریعے بچوں کو اسلامی عقائد سے آراستہ کرنا علماء اور معلمین کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر ارتداد اور بے راہ روی کے سیلاب سے نئی نسل کو بچانا مقصود ہے تو علماء، ائمہ مساجد اور معلمین کو بچوں کے دل و دماغ میں اسلامی عقائد کو مضبوطی سے پیوست کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار مسجد عزیز ملت، احاطہ مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم میں منعقدہ علماء، حفاظ اور ائمہ مساجد کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متکلم اسلام و مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا شاہ عالم صاحب گورکھپوری دامت برکاتہم العالیہ، نائب ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت کل ہند نے کیا۔
اپنے خطاب میں مولانا شاہ عالم صاحب نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور میں علماء کرام، ائمہ مساجد اور مکاتبِ قرآنیہ کے مدرسین کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو اسلامی عقائد سے مکمل طور پر روشناس کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور مکاتب کے طلبہ مستقبل کے معمار ہیں۔ والدین اپنے بچوں کو اس نیت سے مدارس کے حوالے کرتے ہیں کہ وہ دین کے داعی بن کر کام کریں، لیکن افسوس کہ بعض اہل علم افراد بچوں پر توجہ نہیں دیتے اور صرف درسی کتب تک محدود رہتے ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ دینِ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے اور ہمیشہ سے اس کی یہ خصوصیت رہی ہے کہ اس کے عقائد پر کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ ایک عام مسلمان بھی برداشت نہیں کرتا۔ تاہم، آج کے حالات میں باوجود علماء اور مدارس کی کثرت کے، باطل فرقے پروان چڑھ رہے ہیں، جو اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اپنی کمزوریوں پر غور کریں۔
انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت کا مشن مسلمانوں کے لیے متاعِ عزیز ہے۔ چودہ سو سال سے حضور اکرم ﷺ، صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین، جید علماء اور اولیاء اللہ نے اس مشن کو ایمان کا بنیادی جزو قرار دیتے ہوئے باطل جماعتوں کو سخت جواب دیا۔
مولانا نے زور دیا کہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے بڑے جلسے منعقد کرنے یا مساجد تعمیر کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ علماء اور مدرسین بچوں کے دل و دماغ میں عقائدِ اسلامیہ کو اس طرح راسخ کریں کہ کوئی باطل جماعت انہیں ارتداد کی طرف مائل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اور باہمی تعاون کے ذریعے علماء کو ارتداد کی لہر کا خاتمہ کرنا ہوگا اور باطل جماعتوں کے تعاقب کے لیے عملی میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مولانا سعید احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم نے اجلاس کی صدارت کی۔ مفتی سید صدیق صاحب صدر مفتی دارالعلوم نلگنڈہ اور مفتی جلال الدین قاسمی ناظم مدرسہ امداد العلوم کھمم نے بھی خطاب کیا۔ کھمم کے علماء، حفاظ اور ائمہ مساجد کی بڑی تعداد اجلاس میں شریک ہوئی۔ اجلاس کا اختتام مولانا شاہ عالم صاحب کی دعاء پر ہوا۔