سری نگر: وادی کشمیر میں ٹھٹھری شبانہ سردیوں کا زور برقرار ہے تاہم دن کے دوران ہلکی دھوپ کھلنے سے لوگ قدرے راحت محسوس کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 18 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 11 جنوری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 12 سے 14 جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 15 اور 16 جنوری کو ایک بار پھر وای میں مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اس کے بعد 17 اور 18 جنوری کو موسم ابر آمود مگر خشک رہ سکتا ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہونے کے باوجود ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔
سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
جنوبی کشمیر میں واقع وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جبکہ زوجیلا پر کم سے کم درجہ حرارت منفی32.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر ک ضلع بڈگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی22.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کا باد شاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔
یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری باری کے لئے مشہور ہے۔