مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان میں طویل عرصے بعد پارلمینٹ نے صدر مملکت کا انتخاب کرلیا ہے۔
لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل جوزف عون دو سال کے وقفے کے بعد لبنان کی صدارت کی کرسی حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
جنرل جوزف عون لبنان کے صدارتی امیدواروں میں نمایاں شخصیت تھے۔ کا نام ابتدا سے ہی سلیمان فرنجیہ کے ساتھ صدارتی امیدوار کے طور پر لیا جارہا تھا۔ تاہم جنرل عون نے سلیمان فرنجیہ کے برعکس کبھی کھل کر صدارتی امیدوار بننے کی خواہش ظاہر نہیں کی۔
امریکی سفیر اور دیگر اہلکاروں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ نے جوزف عون کی لبنان کے صدر بننے میں حمایت کی۔
ملکی سطح پر بھی ترقی پسند سوشلسٹ پارٹی اور تیمور جنبلاط کی جماعت نے جنرل عون کی حمایت کی تاہم جبران باسیل کی قیادت میں فری پیٹریاٹک موومنٹ نے جوزف عون کی مخالفت کی۔
حزب اللہ نے اگرچہ جوزف عون کی حمایت نہیں کی لیکن اپنے نمائندوں کے ذریعے واضح کیا کہ وہ جنرل عون کے انتخاب کی مخالفت نہیں کرے گی۔
جنرل جوزف عون 1964 میں لبنان کے شمالی علاقے علین میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی اور ثانوی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے لبنانی فوجی اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ جنرل عون نے لبنان کے اندر اور بیرون ملک، خاص طور پر امریکہ اور فرانس میں فوجی تربیتی کورسز کیے۔ 1983 میں وہ لبنانی فوج کا حصہ بنے اور اپنی مہارتوں کی بنا پر اہم یونٹس میں ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے مختلف فوجی یونٹس کی قیادت کی اور 2017 میں باضابطہ طور پر لبنانی فوج کے سربراہ مقرر ہوئے۔
اگرچہ جنرل عون کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے جس کی ایک وجہ لبنانی فوج کا امریکی امداد پر انحصار ہے لیکن انہوں نے ہمیشہ مختلف معاملات میں غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا۔ لبنان کے اندر اور باہر کچھ حلقوں کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف فوج کو اکسانے کی کوششوں کے باوجود جنرل عون نے کبھی بھی حزب اللہ کی مخالفت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے حزب اللہ کے بارے میں ہمیشہ پیشہ ورانہ اور منطقی موقف اختیار کیا ہے حتی کہ حالیہ جنگ میں بھی انہوں نے صیہونی حکومت کے خلاف حزب اللہ کے ساتھ ہم آہنگی پر زور دیا اور مقاومت کے خلاف اقدامات سے گریز کیا۔
غیرجانبداری، شفافیت، اور لبنانی اتحاد کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں کی بدولت جوزف عون لبنان کے مقبول، نمایاں اور تقریباً بے داغ شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حزب اللہ نے جنرل عون کی صدارت پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔