اقلیتوں میں ایک لاکھ روپے کے چیکس کی تقسیم

[]

حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر حیدرآباد میں قتل کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کااظہار کیا۔ انہوں نے علماء و مشائخ، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور والدین سے درخواست کی کہ وہ نوجوانوں کو بری صحبت اختیار کرنے سے روکیں اور انہیں جرائم سے دور رہنے کی مسلسل تلقین کرتے رہیں۔

 وہ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ہفتہ کے روز لال بہادر اسٹیڈیم میں صدفیصد سبسیڈی کے ایک لاکھ روپے کی امداد کے چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس تقریب میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور، مجلس کے ارکان اسمبلی جعفر  حسین معراج، کوثر محی الدین،احمدبلعلہ، بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے وینکٹیش، ایم گوپی ناتھ، بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل ایم ایس پربھاکر،

 مجلس کے ایم ایل سی ریاض الحسن آفندی، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد امتیاز اسحاق، صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن طارق انصاری، مشیر اقلیتی بہبود اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل، سکریٹری ٹمریز بی شفیع اللہ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

 وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں وہ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دے کر ان کا مستقبل تابناک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا۔

ان پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ جس میں 204 اقامتی اسکولوں کا قیام، اوورسیز اسکالرشپ، شادی مبارک اسکیم اور دیگر اسکیمات شامل ہیں۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ حکومت نے بلالحاظ مذہب وملت تمام طبقات کیلئے فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔

 چیف منسٹر کے سی آر کو جو انسانی ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہیں،تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین کیلئے بھی پنشن اسکیم متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہے ملک کی کسی دوسری ریاست میں اس طرح کی فلاحی اسکیمات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آ رایس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود پر اب تک 15 ہزار کروڑ روپے خرچ کئے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ بی آر ایس کو تیسری مرتبہ اقتدار پر فائز کریں۔ مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے منفر د اسکیمات متعارف کرانے پر چیف منسٹر کے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئندہ 40 ہزار افراد کو صدفیصد سبسیڈی اسکیم کے ذریعہ ایک لاکھ روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ 16 ہزار سے زیادہ بے روزگار افراد نے قرض کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔

 صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد امتیاز اسحاق نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت نے اقلیتوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے صدفیصد سبسیڈی اسکیم کے ذریعہ10 ہزار افرادکو ایک لاکھ روپے کے چیکس جاری کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد سے3508 افراد نے ایک لاکھ روپے مالی امداد کے چیکس حاصل کئے۔ اس موقع پرریاستی وزراء اور دیگر نے 10کروڑ روپے کے چیکس جاری کئے۔ تقریب کا آغاز حافظ وقاری مولانا صابر پاشاہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔

 رکن قانون ساز کونسل بی آرایس ایم ایس پربھاکر نے خطاب کیا۔ ٹی نیوز کے ایڈیٹر قیوم انور نے کارروائی چلائی۔ ایم ڈی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا نتی ویزلی نے شکریہ اداکیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *