فیروزآباد میں 2 قدیم مندر دریافت‘ کھدائی جاری

فیروزآباد(یوپی): شہری حکام نے قدیم مندر دریافت ہونے پر 2 مقامات پر کھدائی شروع کردی۔ دایاں بازو ہندو گروپس کی اپیل پر پولیس کی نگرانی میں یہ کھدائی جاری ہے۔ ایک مقام جو کشمیری گیٹ علاقہ کی محمدی مسجد کے قریب واقع ہے‘ 2 دن قبل دریافت ہوا۔ یہ علاقہ رسول پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ہے۔

 دایاں بازو ہندو تنظیموں کے کہنے پر پولیس نے مقامی مسلم نمائندوں سے بات چیت کی۔ رسول پور کے ایس ایچ او (اسٹیشن ہاؤز آفیسر) انوج کمار سنگھ نے بتایا کہ ہندو تنظیموں کی اپیل پر دونوں فرقوں سے بات چیت کی گئی اور کھدائی کا کام پرامن طریقہ سے شروع ہوا۔

 مقام کھدائی پر موجود بجرنگ دل کے ضلع صدر موہن بجرنگی نے کہا کہ اسٹرکچر شیومندر جیسا دکھائی دیتا ہے۔ کھدائی مکمل ہونے کے بعد مورتیوں کے تعلق سے صورتِ حال واضح ہوجائے گی۔ مقامی شہری عقیل احمد نے کہا کہ یہ علاقہ 60 سال پہلے تک ہندو کنبوں کی زرعی اراضی کا حصہ تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ مسلمانوں کی آبادی بڑھنے کے بعد کئی ہندو کنبے یہاں سے چلے گئے۔

چشتی نگر کے 60 فیٹ روڈ علاقہ میں ایک اور مندر پیر کی صبح دریافت ہوا۔ یہ علاقہ رام گڑھ پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے۔ وشواہندو پریشد فیروزآباد یونٹ کے صدر راجیو شرما نے اپنی ٹیم کے ساتھ پولیس اور مقامی مسلمانوں کی موجودگی میں صفائی کی۔

 رام گڑھ کے ایس ایچ او سنجیو دوبے نے کہا کہ 50 سال قبل یہاں ہندوؤں کی اکثریت تھی اور ایک مندر تھا۔ اب یہ علاقہ مسلم اکثریتی ہے۔ کھدائی کا کام جاری ہے اور علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *