[]
کوالالمپور: ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سیلنگور میں نجی طیارے کا لینڈنگ سے دو منٹ پہلے کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا اور وہ ہائی وے پر گر تباہ ہوگیا۔
دوپہر کے تقریباً 2 بج کر 9 منٹ پر حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں عملے کے دو افراد سمیت 8 مسافر سوار تھے۔ طیارہ ہائی وے پر چلتی کار اور موٹر سائیکل پر گرا جس میں دو شہری بھی لقمہ اجل بنے۔
حکام کے مطابق پائلٹ کی جانب سے ایمرجنسی کال نہیں دی گئی جبکہ طیارے کو لینڈنگ کیلیے اجازت دی گئی تھی۔
ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے۔ جہاز نے لانگکاوی جزیرے سے اُڑان بھری تھی اور اسے سلطان عبدالعزیز شاہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔
واقعے کی فوری طور پر وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم سول ایوی ایشن کے حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔