منموہن سنگھ نے پانچ بار راجیہ سبھا میں آسام اور ایک بار راجستھان کی نمائندگی کی۔ 1998 سے 2004 کے دوران منموہن سنگھ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر رہے۔
ملک کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ جمعرات 26 دسمبر کو انتقال کر گئے۔ منموہن سنگھ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ کل شام ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان اک انتقال ہو گیا۔ منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ وہ جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی اور نریندر مودی کے بعد چوتھے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیر اعظم تھے۔ منموہن سنگھ ہندوستان کے پہلے سکھ وزیر اعظم بھی تھے اور اس سے پہلے وہ وزیر خزانہ بھی رہے۔
منموہن سنگھ 26 ستمبر 1932 کو غیر منقسم ہندوستان کے صوبہ پنجاب کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1948 میں پنجاب یونیورسٹی سے میٹرک مکمل کیا۔ پنجاب سے، وہ برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی گئے، جہاں انہوں نے 1957 میں معاشیات میں فرسٹ کلاس آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 1962 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے نفیلڈ کالج سے معاشیات میں ڈی فل کی ڈگری حاصل کی۔ منموہن سنگھ پنجاب یونیورسٹی اور دہلی اسکول آف اکنامکس میں بھی پڑھا چکے ہیں۔
1971 میں، منموہن سنگھ حکومت ہند کی وزارت تجارت میں بطور اقتصادی مشیر شامل ہوئے۔ اس کے فوراً بعد 1972ء میں انہیں وزارت خزانہ میں چیف اکنامک ایڈوائزر مقرر کیا گیا۔ وہ جن سرکاری عہدوں پر فائز رہے ان میں وزارت خزانہ میں سکریٹری، پلاننگ کمیشن کے نائب چیئرمین، ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر، وزیر اعظم کے مشیر اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے چیئرمین شامل ہیں۔ منموہن سنگھ 1991 سے 1996 کے درمیان ہندوستان کے وزیر خزانہ بھی رہے۔ معاشی اصلاحات کی جامع پالیسی شروع کرنے میں ان کے کردار کو آج بھی دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔
منموہن سنگھ پہلی بار 1991 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے ایوان بالا میں پانچ بار آسام اور ایک بار راجستھان کی نمائندگی کی۔ 1998 سے 2004 تک جب بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت تھی، منموہن سنگھ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما رہے۔
1999 میں انہوں نے جنوبی دہلی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا لیکن جیت نہیں پائے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 2004 کے عام انتخابات کے بعد 22 مئی کو وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا اور 22 مئی 2009 کو دوسری مدت کے لیے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ وہ 2004 سے 2014 تک وہ ملک کے وزیر اعظم رہے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کے عوامی کیریئر میں جتنے بھی ایوارڈس اور اعزازات سے نوازا گیا، ان میں سب سے نمایاں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم وبھوشن (1987) تھا۔ اس کے علاوہ انہیں انڈین سائنس کانگریس کا جواہر لعل نہرو صد سالہ ایوارڈ (1995)، ایشیا منی ایوارڈ (1993 اور 1994)، یورو منی ایوارڈ (1993)، کیمبرج یونیورسٹی کا ایڈم اسمتھ ایوارڈ (1956)، ممتاز کارکردگی کا اعزاز حاصل ہوا۔ سینٹ جان کالج، کیمبرج رائٹ ایوارڈ (1955) بھی ملا۔ انہیں جاپانی نیہون کیزائی شمبن اور دیگر ممالک نے اعزاز سے نوازا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کیمبرج اور آکسفورڈ اور دیگر کئی یونیورسٹیوں نے اعزازی ڈگریاں بھی دی گئیں تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔