حیدرآباد: شہر کے علاقہ رائے درگم میں رونما سڑک حادثہ میں بی ٹیک کی طالبہ ہلاک ہوگئی جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے۔ یہ حادثہ اتوار کی رات اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر دے دی۔
تفصیلات کے مطابق شیوانی نامی (21) نامی طالبہ جو گنڈی پیٹ میں سی بی آئی ٹی انجینئرنگ کالج میں بی ٹیک کے آخری سال کی طالبہ تھی،شیوانی نے اتوار کی صبح 5 بجے اپنے سابقہ اسکول کے طلبہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ شام کو وہ کُوکٹ پلی پہنچی اور اپنے دوست وینکٹ ریڈی کو فون کیا۔ وینکٹ جو ایک سافٹ ویئر انجینئر ہے اپنی موٹر سائیکل پر شیوانی کو لینے آیا اور اسے گنڈی پیٹ کے ہاسٹل چھوڑنے کے لیے روانہ ہوا۔
رات تقریباً 1:30 بجے، نانک رام گوڑہ آؤٹر رنگ روڈ کے سروس روڈ پر ان کی موٹر سائیکل کو ایک تیز رفتار اسکوڈا کار نے پیچھے سے ٹکر دے دی ۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں سڑک پر گر گئے اور شدید زخمی ہوگئے۔ رائے درگم پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں کو کونڈہ پور کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں لڑکی کی موت ہوگئی۔
پولیس نے کار ڈرائیور سری کالیش کو گرفتار کر لیا اور اس پر ڈرائیونگ کے دوران غفلت کا الزام ہے ۔ ڈرائیور پر ڈرنک اینڈ ڈرائیو کا بھی شبہ ہے۔