حیدرآباد کے بوئن پلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک نوجوان کو چاقو اور بلیڈ سے حملہ کرکے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس اور مقامی لوگوں کے مطابق، 20 سالہ سمیر، جو اولڈ بویین پلی علاقے کے علی کمپلیکس بستی کا رہائشی تھا اور ویلڈنگ کا کام کرتا تھا، ہفتہ کی رات اپنے گھر کے باہر دوستوں کے ساتھ بیٹھا بات کر رہا تھا۔
رات تقریباً 11:20 بجے تین نقاب پوش افراد آئے اور سمیر پر چاقو اور بلیڈ سے وحشیانہ حملہ کیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جب مقامی نوجوانوں نے حملہ روکنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے انہیں چاقو سے دھمکایا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی ہاسپٹل منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمیر نے گزشتہ سال حشمت پیٹ علاقے کی ایک لڑکی سے محبت کی شادی کی تھی، جو لڑکی کے خاندان کو پسند نہیں آئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اسی وجہ سے لڑکی کے خاندان والوں نے قتل کروایا۔
پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے قتل سے پہلے کئی دن تک علاقے کی ریکی کی تھی۔ جائے وقوعہ پر ڈی سی پی ریشمی پریم لال، اے سی پی گوپال کرشنا، بویین پلی سی آئی لکشمی نارائنا ریڈی اور دیگر افسران نے معائنہ کیا۔ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔