[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امام جمعہ تہران حجۃ الاسلام سید محمد حسن ابو ترابی فرد نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ صیہونی رجیم کو حزب اللہ کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے اور یہ رجیم اپنے فوجی مقاصد کے حصول میں مکمل طور پر ناکام رہی۔
صیہونی حکومت کو لبنانی مزاحمت کے ہاتھوں شکست ہوئی
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کو طوفان الاقصیٰ کے بعد مسلسل شکست کا سامنا ہے اور اس وقت غاصب رجیم کی جڑیں بوسیدہ ہو چکی ہیں، جب کہ مزاحمت اپنے ایمان، صبر، اللہ تعالیٰ پر توکل اور مسلم اقوام کی حمایت کے باعث روز بروز طاقتور ہوتی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے شام کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے
تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ صیہونی فوج نے 500 سے زیادہ فضائی حملوں کے ذریعے شام کے اہم اقتصادی ڈھانچے، فوجی تنصیبات اور سائنسی مراکز کو نشانہ بنایا جو اس رجیم کی انسانیت دشمنی کا کھلا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام کے اقتصادی اور دفاعی انفراسٹرکچر کی تباہی کے اصل ذمہ دار امریکی حکام ہیں جنہیں یقینی طور پر ملت اسلامیہ کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔
حجۃ الاسلام ابو ترابی فرد نے کہا کہ غزہ، جنوبی لبنان اور شام میں قابض حکومت کے جرائم مزاحمتی قوتوں کے عزم و ارادے کو کمزور نہیں کرسکتے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ قاتل رجیم کے مظالم نے دلاوران مزاحمت کو مزید میدان سجانے کا موقع فراہم کیا ہے اور رہبر معظم انقلاب کے فرمان کے مطابق مقبوضہ علاقے ضرور آزاد کرائے جائیں گے۔