[]
بنگلورو: کنڑ اداکار اُپیندر‘ دلتوں کے خلاف متنازعہ بیان پر اپنے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد مشکل میں پڑگئے۔ انہیں پولیس نے پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
مظالم قانون کی دفعہ کے تحت اداکار کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی۔ یہ دفعہ ناقابل ضمانت تصور کی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر لائیو کے دوران انہوں نے کنڑ محاورہ نقل کیا جو دلت طبقہ کی توہین کرتا ہے جس کے بعد ریاست میں تنازعہ پیدا ہوگیا اور ان کے بیانات کی مذمت کی گئی۔
غم و غصہ کے بعد ڈائرکٹر اور اداکارہ اُپیندر نے غیرمشروط معافی مانگ لی اور وضاحت کی کہ ان کا ارادہ سماج کے کسی بھی طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا نہیں تھا۔ محکمہ سماجی بہبود سے وابستہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر مدھوسدن نے چینمناکیرے اچوکٹو پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف کیس درج کیا تھا۔
ایک اور شکایت ہلسورو پولیس اسٹیشن میں رندھیر پاڈے سے وابستہ بھائرپا ہریش کمار نے درج کروائی۔ پولیس نے انہیں سداشیونگر اور کٹری گوپے محلوں میں واقع ان کی رہائش گاہوں پر نوٹس بھیجا اور انہیں تحقیقات کے لیے پیش ہونے کو کہا۔ پولیس نے واٹس ایپ پر بھی نوٹس بھیجی۔
اداکار جو موجودہ سیاسی نظام اور روایات کو چیلنج کرنے والے منفرد مواد کے لیے جانے جاتے ہیں اکثر تنازعات میں گھر جاتے ہیں۔ ان کی ملک گیر سطح پر ریلیز ہونے والی فلم ”قبضہ“ باکس آفس پر پٹ گئی۔ فی الحال وہ ایک اور ملک گیر پروجیکٹ ”یو آئی“ میں مصروف ہیں۔ اپیندر اسٹار ہدایت کار ہیں جنہوں نے کئی بڑی ہٹ فلمیں دیں اور سوپر اسٹار بن گئے۔ تلگو شائقین وہ کافی جانے مانے ہیں۔
انہوں نے کرناٹک میں ”پرجاکیا“ نامی سیاسی جماعت بھی قائم کی۔ ریاستی وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر ایچ سی مہادیو پا نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ اپیندر کو ملک کی تاریخ، ثقافت اور زندگی کے بارے میں اچھی معلومات ہوں گی۔ ذات کے لیے تذلیل کرنا دستور کی توہین ہے۔ ہمیں عوامی تقریر کے دوران محتاط رہنا چاہیے۔“