[]
حیدرآباد: کسان کو ہتھکڑیاں لگا کر ہاسپٹل منتقل کرنے کے معاملہ میں محکمہ جیلس کے حکام نے کاروائی کرتے ہوئے سنگاریڈی جیل سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ لگاچرلہ واقعہ میں گرفتار کسان ہیریا نائیک اور دیگر کسانوں کو حکام پر حملہ کے الزام میں گرفتارکرکے جیل بھیج دیاگیا تھا وہ سنگاریڈی کی جیل می٘ں محروس بتائے گئے ہیں۔
جمعرات کو ہیریا نائیک کو سینہ میں تکلیف ہونے کے بعد جیل حکام نے اسے ہتھکڑیوں سمیت سنگاریڈی کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اس کا معائنہ کیا گیا۔ ہتھکڑی پہنا کر ہیریا نوئیک کو ہاسپٹل منتقل کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن قائدین نے سخت اعتراضات اٹھائے اور پولیس کی اس حرکت کو غیر اخلاقی قرار دیا۔ اسی دوران سنگاریڈی کے ایم ایل اے چنتا پربھاکر اسپتال پہنچے اور ہیریا نائیک سے ملاقات کی اسے انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگاریڈی جیل سے کسان ہیریا نائیک کو ہاسپٹل منتقل کیے جانے کے دوران ہتھکڑیاں پہنانے کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ ایک بیمار کسان کو ہاسپٹل لے جاتے وقت ہتھکڑیاں پہنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا اور اعلیٰ حکام سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کی۔
چیف منسٹر نے واضح کیا کہ عوامی حکومت ایسی غیر انسانی حرکتوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کسان ہیریا نائیک کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
بی آر ایس کے کار گزار صدر تارک راما راو نے کسان ہیریا نائیک کو سینہ میں تکلیف کے دوران ہتھکڑیاں پہنا کر جیل سے ہاسپٹل منتقل کرنے کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک بیمار شخص کو ایمبولینس میں لے جانے کے بجائے ہتھکڑیاں پہنا کر اسپتال لے جانا کہاں تک مناسب ہے؟ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ زیر حراست کسانوں کو ظالمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور جب کسانوں نے اس ظلم کی شکایت مجسٹریٹ کے سامنے کی تو ان کے گھر والوں کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کے ساتھ اس سلوک کی واحد وجہ یہ ہے کہ
انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت کے خلاف آواز اٹھائی۔ کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں فوری انصاف فراہم کیا جائے اور کسانوں کے ساتھ ہونے والے اس غیر انسانی سلوک پر سخت کارروائی کی جائے۔
چیف منسٹر کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت دینے کے بعد حکام نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کی اور مبینہ طورپر لاپرواہی برتنے کے الزام میں سنگاریڈی جیل کے سپرنٹنڈنٹ سنجیو ریڈی کو معطل کردیا گیا۔