[]
ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ساگریکا گھوش نے کہا کہ کل ایوان میں اپوزیشن کو خطاب کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ آپ سبھی اس ایوان میں رہنے کے اہل نہیں ہیں، یہ اپوزیشن اراکین کی بے عزتی ہے۔
راجیہ سبھا میں اجلاس کے دوران جاری ہنگامہ آرائی کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کے خلاف ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ساگریکا گھوس نے خصوصی استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس پیش کیا ہے۔ ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈران کے خلاف مبینہ ہتک آمیز تبصرہ کرنے کے معاملے میں یہ خصوصی استحقاق کی تحریک پیش کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خصوصی استحقاق کی تحریک کو 60 اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی حمایت ملی ہے اور ان سبھی نے اس نوٹس پر اپنا دستخط کیا ہے۔ اس معاملے میں ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ساگریکا گھوس کا کہنا ہے کہ ’’کل ایوان میں اپوزیشن کو خطاب کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ آپ سبھی اس ایوان میں رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر کو پارلیمنٹ بہتر طریقے سے چلانے پر توجہ دینی چاہیے، لیکن وہ اس کی جگہ بار بار اپوزیشن کی بے عزتی کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کرن رجیجو نے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی بے عزتی کی ہے اور پارلیمنٹ کے اندر و باہر دونوں جگہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے خلاف ذاتی حملہ کیا۔ یہ پوری طرح سے نامناسب ہے اور وہ اپنے عہدہ کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پیش کیا تھا۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو ہدف تنقید بنایا تھا اور کہا تھا کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ایوان میں رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ رجیجو نے واضح لفظوں میں کہا تھا کہ ’’اگر آپ چیئر کا احترام نہیں کر سکتے ہیں، تو آپ کو اس ایوان کا رکن ہونے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘ دراصل انڈیا اتحاد سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 60 اراکین پارلیمنٹ نے گزشتہ منگل کے روز راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی۔ انھوں نے دھنکھڑ پر ایوان بالا کے چیئرمین کی شکل میں جانبدارانہ کردار نبھانے کا الزام عائد کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔