[]
تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے بیلا میں پیش آئے سرقہ کی واردات میں پولیس نے مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 8 رکنی بین الریاستی ٹولی کو گرفتار کر لیا۔ یہ چوری 4 دسمبر 2024 کو بیلا کے “شریکر سپر مارکیٹ” میں ہوئی تھی،
جہاں 5 لاکھ 87 ہزار روپے چوری کیے گئے تھے۔ سپر مارکیٹ کے مالک، سوراج، کی شکایت پر پولیس نے فوراً مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گروہ کی شناخت کی، جو کہ مدھیہ پردیش سے آیا ہوا تھا۔
گروہ مقامی علاقوں میں عارضی جھونپڑیاں بنا کر رہ رہا تھا اور چھوٹے بازاروں اور میلوں میں سامان فروخت کرتے ہوئے چوریاں کرتا تھا۔ آج بیلا بس اسٹینڈ پر کارروائی کے دوران ان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان میں راجنسی راٹھوڑ، ابھیشیک سنگھ راٹھوڑ، شارک، طاہر، رشی، دو خواتین بِجلا بائی اور ہیرا بائی اور ایک نابالغ شامل ہیں۔ ان کے قبضے سے 2 لاکھ 41 ہزار روپے برآمد ہوئے،
جبکہ باقی رقم مدھیہ پردیش کے ایک شخص کے پاس ہونے کا انکشاف ہوا۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ٹولی دیگر اضلاع جیسے سدی پیٹ، سرسلہ ؛ حیدرآباد اور نرمل میں بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ضلع ایس پی غوث عالم نے پولیس ٹیم، بشمول جینتھ کے سی آئی سائی ناتھ، سی سی ایس انسپکٹر چندر شیکھر اور دیگر عملے کی بروقت کارروائی کی ستائش کی۔