کامیابی کا جشن منانے کے بعد واپسی کے دوران سڑک حادثہ میں انٹر کے4طلبہ ہلاک

[]

حیدرآباد: امتحانات میں کامیابی کے جشن کی پارٹی میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران پیش  آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں انٹر میڈیٹ کے4 طلبہ ہلاک ہوگئے۔

یہ حادثہ، ضلع ورنگل میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ورنگل۔ کھمم ہائی وئے پر وردھنا پیٹ ٹاؤن کے نواح میں یہ حادثہ کل رات اس وقت پیش آیا جبکہ ایک بائک جس پر یہ چاروں طلبہ سوار تھے، مخالف سمت سے آنے والی ایک خانگی بس سے ٹکراگئی۔

پولیس کے بموجب یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ انٹر کے4طلبہ، اسی بائک پر سوار تھے۔ چاروں کے منجملہ 3طلبہ برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ چوتھے طالب علم نے ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل میں دم توڑ دیا۔ تمام مہلوکین کی عمر یں 17 سال بتائی گئی ہیں۔

 ان چاروں کی شناخت ایم سدھو، پی گنیش،ورون تیج اور پی انیل کمار کے طور پر  کی گئی ہے۔گنیش، وردھنا پیٹ کا متوطن تھا جبکہ مابقی تین طلبہ، ٹاؤن کے قریب موضع یلندا کے رہنے والے تھے۔ ان چاروں نے انٹر میڈیٹ امتحانات میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے نتائج کل جاری کئے گئے۔

امتحانات میں کامیابی کے جشن کے ڈنر کیلئے یہ چاروں، کل گھر سے روانہ ہوئے تھے مگر گھرواپسی کے دوران حادثہ کا شکار ہوگئے۔ بائک، بظاہر بے قابو ہوگئی اور مخالف سمت سے آنے والی خانگی بس کی زد میں آگئی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *