کیجریوال اور کویتا کی عدالتی تحویل میں 7 مئی تک توسیع

[]

نئی دہلی: دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے منگل کو مبینہ ایکسائز پالیسی 2021-22 گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کے کیس میں تہاڑ جیل میں بند وزیر اعلی دہلی اروند کیجریوال کی عدالتی تحویل میں 7 مئی تک توسیع کر دی۔

راؤز ایونیو میں واقع کاویری باویجا کی خصوصی عدالت نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما مسٹر کیجریوال کی عدالتی حراست میں توسیع کا حکم دیا۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے متعلق مقدمات کے لئے خصوصی جج کاویری باویجا نے ایکسائز پالیسی سے متعلق کیس کے ملزمان میں بھارت راشٹر سمیتی کی لیڈر کے کویتا او ایک دیگر ملزم چن پریت سنگھ کی عدالتی تحویل میں بھی 7 مئی تک توسیع کرنے کا حکم دیا ہے۔

مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تینوں ملزمین کو ان کی عدالتی حراست کی تکمیل کے بعد ورچوئل میڈیم کے ذریعے خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

مسٹر کیجریوال کو پہلے یکم اپریل کو عدالتی حراست میں بھیجا گیا تھا۔ ای ڈی نے کئی بار مسٹر کیجریوال کو پوچھ گچھ کے لیے سمن بھیجا تھا۔ سمن کو نظرانداز کرنے پر ای ڈی نے انہیں 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔

ای ڈی نے مسٹر کیجریوال پر دہلی ایکسائز پالیسی کے ذریعے کروڑوں روپے کا ناجائز فائدہ حاصل کرنے اور ایک ‘سازشی’ ہونے کا الزام لگایا ہے جنہوں نے پورے معاملے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 17 اگست 2022 کو ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور اس پر عمل درآمد میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے فوجداری کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ اسی بنیاد پر ای ڈی نے 22 اگست 2022 کو منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔

ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ عام آدمی پارٹی کے سرکردہ لیڈروں – دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال، سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ اور دیگر نے غیر قانونی کمائی جمع کرنے کی “سازش” رچی تھی۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو 2 اپریل کو ضمانت دی تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *