مودی کی مدد کے لئے 7 مرحلوں میں پولنگ، الیکشن کمیشن پر سنگین الزام

[]

مالدہ (مغربی بنگال): چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 7مرحلوں میں الیکشن کا پروگرام اس لئے بنایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے کابینی ساتھیوں کو ملک کے وسائل استعمال کرتے ہوئے وسیع انتخابی مہم چلانے میں مدد ملے۔

گاجول (ضلع مالدہ) میں ٹی ایم سی امیدوار پرسون بنرجی (سابق آئی پی ایس عہدیدار) کی تائید میں مہم چلاتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ 19 اپریل تا یکم جون الیکشن کا پروگرام ایسا بنایا گیا کہ مودی اور ان کے کابینی ساتھی ہر مرحلہ میں اپوزیشن پر غلبہ پانے کے لئے خصوصی طیاروں میں سارے ملک کا سفر کرسکیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق میں الیکشن مئی تک مکمل ہوجاتا تھا لیکن اِ س بار اسے یکم جون تک توسیع دی گئی تاکہ مودی‘ فوجی طیاروں میں مختلف مقامات جاسکیں جبکہ ہمیں اپنے خود کے ٹرانسپورٹ بشمول ہیلی کاپٹرس کا انتظام کرنا پڑرہا ہے۔

بی جے پی قائدین ہیلی کاپٹرس بھی بک کراچکے ہیں تاکہ ہمیں ہیلی کاپٹرس زیادہ نہ ملیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ شدید گرمی سے پریشا ن ہیں لیکن مودی کو اس کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ بی جے پی قائدین‘ وی وی آئی پی کمفرٹ کے ساتھ مہم چلارہے ہیں۔ انہیں ساری سہولتیں دستیاب ہیں۔

ٹی ایم سی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کے اعلان کے بعد نریندر مودی کی مجلس وزرا کی حیثیت نگراں کابینہ کی ہے اور الیکشن کمیشن انتظامی مشنری چلانے کا انچارج ہے لیکن الیکشن کمیشن‘ مودی اور ان کی پارٹی کے ساتھیوں کی ہاں میں ہاں ملارہا ہے۔

انہوں نے سی پی آئی ایم اور کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں بی جے پی کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا بلاک کا نام میں نے ہی دیا تھا لیکن بنگال میں اس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ ہمارے نزدیک اس کا وجود ریاست کے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں نسلی تشدد کے دوران جب گرجا گھروں‘ مسجدوں اور دیگر عبادت گاہوں میں توڑپھوڑ ہورہی تھی‘ ریاست اور مرکز کی بی جے پی حکومتیں بے رخی برت رہی تھیں۔

اُس وقت ٹی ایم سی ہی تھی جو متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے عبادت گاہیں ڈھاتے ہیں جبکہ ہم عبادت خانے بناتے ہیں۔ بی جے پی رام مندر‘ رام مندر کرتی ہے لیکن اس نے گزشتہ کئی سال میں کتنے مندر بنائے؟ یہ ٹی ایم سی ہی ہے جس نے درگا کالی اور جگناتھ مندر تعمیر کرائے۔

ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور ویڈیوز پھیلاکر فسادات کی سازش کرتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی وی چیانل پر دکھائے جانے والے پول سروے بی جے پی کی طرف سے کرائے گئے سروے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ٹی ایم سی کو مغربی بنگال میں بہت زیادہ نشستیں ملیں گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *